(ویب ڈیسک)پاکستان کے سبکدوش ہونے والے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل وزارت سے فارغ ہونے کے بعد کوئی اور سرکاری عہدہ قبول نہیں کریں گے، اب اسحاق ڈار کو تقریباً 7سال بعد دوبارہ ملک کا وزیر خزانہ بنایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کےمطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف کی زیرصدارت لندن میں اہم پارٹی اجلاس ہوا،اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی وقومی صورتحال پر تفصیلی غور کیاگیاتھا ، قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ کیلئے نامزد کیا تھا،اس موقع پرمفتاح اسماعیل نے اپنا استعفیٰ قائد میاں نوازشریف کو پیش کردیا، ان کا کہناتھا کہ وزارت آپ کی امانت تھی، آپ نے ہی وزیر بنایا تھا، چار ماہ میں اپنی بھرپور صلاحیت سے کام کیا، پارٹی اور ملک سے وفاداری نبھائی۔
گزشتہ روز رابطہ کرنے پر مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ وہ وطن واپس پہنچ کر وزارت خزانہ سے مستعفیٰ ہو جائیں گے، ان کی جگہ لینے والے وزیر خزانہ کو ڈالرز کے حصول کے لیے بین الاقوامی ڈونرز کی مدد حاصل کرنے کے سخت چیلنج کا سامنا ہو گا جو شرح مبادلہ کے استحکام کے لیے ضروری ہے ۔