( شاہین عتیق ) وفاقی حکومت کی عدم دلچسپی، بنکنگ عدالتوں کی بلڈنگ کھنڈرات کا منظرپیش کرنے لگی، جگہ جگہ ٹوٹی چھتیں اور لٹکی تاروں سے کوئی بھی جانی حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔ پانچ ماہ قبل لگنے والی آگ کے بعد اس عمارت کی حالت پہلے سے بھی زیادہ خراب ہو چکی ہے۔
مال روڈ پر وفاقی حکومت کی بلڈنگ پر بنکنگ کی سات عدالتیں کام کررہی ہے۔ اس عمارت کی حالت اس قدر خراب ہے کہ کمروں کی چھتیں ٹوٹ کر نیچے گر چکی ہیں، جگہ جگہ سے مٹی گر رہی ہے، برآمدے اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ پانچ ماہ قبل اس عمارت میں آگ لگی جس کے بعد فیڈرل گورنمنٹ سے عمارت کی تزئین و آرائش کے لیے رقم مانگی گئی لیکن مکمل فنڈز فراہم نہ کیے گئے جس کی وجہ سے عمارت کی حالت پہلے سے بھی زیادہ خراب ہوچکی ہے۔
برآمدوں اور عدالتوں کے باہر لمبی لمبی تاریں لٹک رہی ہیں، جگہ جگہ مٹی کے ڈھیر پڑے جبکہ بخشی خانہ گندکی کی وجہ سے بند کردیا گیا۔ عدالتوں میں پیش ہونے والے وکلا کا کہنا ہے کہ بلڈنگ میں سات عدالتیں کام کر رہی ہیں جہاں پر ہزاروں لوگ حصول انصاف کے لیے پیش ہوتے ہیں۔ اس عمارت کی طرف حکومت کو توجہ دینی چاہیئے ورنہ یہ عمارت مکمل طور پر کھنڈر بن جائے گی۔