نبیل ملک: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف حکام کی کارروائی، غیرملکی کرنسی اسمگلنگ میں ملوث ایئرپورٹ ملازم اور مسافر کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان کسٹمز کاؤنٹرز سےبھی گزرے لیکن افسران انہیں پکڑنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئے۔ جمعرات کی صبح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات کسٹمزافسران اوراہلکاروں کی کارکردگی کی قلعی اس وقت کھل گئی جب کرنسی اسمگلنگ میں ملوث مسافر اور ایئرپورٹ ملازم کو کسٹمز حکام کی بجائے ایئرپورٹ سکیورٹی فورس نے گرفتار کیا۔
ذرائع کے مطابق روانگی لاؤنج میں موجود کسٹمزاہلکارملزمان کوگرفتار کرنے میں ناکام رہے جبکہ کرنسی اسمگلنگ میں ملوث افراد کوگرفتار کرنا کسٹمزحکام کی ذمہ داری ہے جو ادا نہیں کی جا سکی۔ اے ایس ایف کےجوانوں کی کامیاب کاررروائی پرچیف سکیورٹی افسر کرنل علی ٹیپونے انھیں شاباش دی۔
اے ایس ایف کے مطابق لاہورایئرپورٹ پرتعینات ازبک ایئرلائنزکا ٹریفک اسسٹنٹ احسن علی دس ھزار امریکی ڈالرسمیت دس ھزارسےزائد پاکستانی روپے جیبوں میں چھپا کروی آئی پی لاؤنج میں بیٹھے کراچی کےمسافرمحمدعرفان تک لےجا رہا تھا، اس دوران اے ایس ایف اہلکاروں نے اسے روک لیا جبکہ کسٹمز اہلکار لاؤنج میں کھڑے منہ دیکھتے رہے اوراپنی نااہلی چھپانے کیلئے معاملہ دبانے کی کوشش بھی کرتے رہے۔