مدرسے میں دھماکہ، 7 طلبہ جاں بحق، 70 سے زائد زخمی

مدرسے میں دھماکہ، 7 طلبہ جاں بحق، 70 سے زائد زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور کے علاقے دیر کالونی کے مدرسےمیں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 7 طلبہ جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے دیر کالونی میں واقع ایک مدرسے میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 7طلبہ جاں بحق ہوگئے ہیں، حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس، سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں، جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ریسکیو ٹیمیوں نے  دھماکے میں زخمی ہونے والے طلبہ کو طبی امداد کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا۔ریسکیو 1122 کے حکام کے مطابق زخمی ہونے والے متعدد بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ابتدائی اطلاع کے مطابق مذکورہ مدرسے میں100 سے زائد بچے زیر تعلیم تھے،  دھماکے کی آواز کافی زوردار تھی اور اس کے بعد وہاں آگ بھی لگ گئی تھی۔

ذرائع کےمطابق بم ڈسپوزل ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے اور علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے، غیر متعلقہ افراد کو جائے حادثہ پر جانے کی اجازت نہیں ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ  شیخ رحیم اللہ حقانی کے بیان کے دوران  ایک شخص مشکوک بیگ چھوڑ کر چلا گیا جس کے بعد دھماکا ہوا، تاہم خوش قسمتی سے  شیخ رحیم اللہ حقانی دھماکے میں محفوظ رہے۔

پشاور پولیس کے مطابق دھماکا ٹائم بم کے ذریعے کیا گیا جب کہ دھماکے میں 4 سے 5 کلو دھماکا خیز مواد تھا، جائے حادثہ سے ثبوت جمع کیے جا رہے ہیں جن کو فرانزک ٹیسٹ کیلئے بھجوایا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی) محمود خان نے   پشاور دھماکے کے متاثرین اور شہدا کے لیے پیکج کا اعلان کردیا، پشاور دھماکہ کے شہدا کے لواحقین کو 5 لاکھ اور زخمیوں کو 2 لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے۔

خیال رہے کہ دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے بیشتر افراد کا تعلق پشاور سے نہیں اور وہ دیگر شہروں سے حصولِ تعلیم کے لیے مدرسے میں مقیم تھے۔

Sughra Afzal

Content Writer