ویب ڈیسک: کوئٹہ میں شہری پر مبینہ تشدد کرنے والے 3پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق تشدد کا نشانہ بننے والا شہری قدیر احمد نجی اسکول کا چوکیدار ہے۔ چوکیدار کو رات کی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد بدل خان اسٹریٹ کے قریب پولیس کی گشتی گاڑی نے روکا تھا۔ گاڑی میں سوار اہلکاروں نے نجی سکول کے چوکیدار کی تلاشی لی۔ چوکیدار سے کچھ نہ ملنے پر پولیس اہلکاروں نے اسے تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کردیا۔
متاثرہ شخص نے ایس پی صدر ڈویژن محمد آصف یوسف زئی سے رابطہ کر کے واقعے کے متعلق آگاہ کیا۔ ایس پی صدر نے تینوں اہلکاروں کانسٹیبل غلام علی ، کانسٹیبل محمد آصف اور محمد عمران کو معطل کردیا۔
واضح رہے کہ ایس پی نے پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی بھی ہدایت کر دی ہے۔