(ویب ڈیسک) امریکی ریاست ورمونٹ کے علاقے برلنگٹن میں مسلح انتہا پسند شخص نے فائرنگ کرکے تین فلسطینی طلبہ کو شدید زخمی کردیا۔
حملے کے وقت تینوں طالب علموں نے ویسٹرن کپڑوں کے اوپر فلسطینی رومال پہنے ہوئے تھے اور وہ آپس میں عربی زبان میں بات کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق 2 طالب علم اپنے تیسرے دوست کے گھر تھینکس گونگ چھٹی منانے کیلئے آئے ہوئے تھے، طالب علموں کو گولیوں کا نشانہ بنانے کے بعد حملہ آور فرار ہو گیا جبکہ پولیس کی جانب سے حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق 7 اکتوبر سے حماس اسرائیل جنگ کے بعد نفرت کی بنیاد پر اینٹی اسلامک اور اینٹی سیمیٹک واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ تینوں طالب علموں کو منافرت کی بنیاد پر ہی گولیوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ہسپتال میں زیر علاج تینوں طالب علموں میں سے دو کی طبیعت خطرے سے باہر ہے تاہم ایک کی حالت اب تک نازک بتائی جارہی ہے۔
دوسری جانب فلسطینی وزارت خارجہ نے طلبہ پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا زخمی طلبہ کے نام ہشام، کنعان عبدالحمید اور تحسین احمد ہیں۔ وزارت خارجہ ترجمان نے امریکا سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔