سٹی 42: شہر میں گیس کی قلت کا اقدام لاہورہائیکورٹ میں چیلنج ،، درخواست میں گیس کی قلت دور کرنے اور ذمہ دارافسروں کیخلاف کارروائی کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے ۔
لاہور ہائیکورٹ میں شہری سردار فرحت منظور کی جانب سے مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی،درخواست میں وفاقی حکومت،سیکرٹری منسٹری آف انرجی اینڈ پٹرولیم ڈویژن، اوگرا اور سوئی نادرن گیس کمپنی کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سردیوں کی آمد کیساتھ ہی شہر میں گیس کی قلت پیدا ہو چکی ہے، شہری مہنگے داموں این ایل جی گیس خریدنے پر مجبور ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔
حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حکومت اور اوگرا سمیت دیگر اداروں کو گیس کی قلت دور کرنے کا حکم دے۔ مزید استدعا کی گئی ہے کہ عدالت گیس کی قلت کے ذمہ داروں کیخلاف بھی کارروائی کا حکم دے۔