(شہزاد خان) شہر کے تاریخی انارکلی بازار اور نیلا گنبد سائیکل مارکیٹ میں پارکنگ پلازہ نہ ہونے کے باعث مسائل سنگین صورتحال اختیار کرگئے، مقامی تاجر، گاہک اور شاپنگ کی غرض سے آنے والی غیر ملکی سیاح بھی پارکنگ کی ناکافی سہولیات کا شکوہ کرنے لگے۔
غیر ملکی سیاح جب بھی لاہور آتے ہیں تو انارکلی بازار کا رخ کرنا نہیں بھولتے تاہم ان دنوں انارکلی بازار کو مختلف مسائل کا سامنا ہے جس کے باعث اس کی رونقیں مانند پڑتی جارہی ہیں۔
انارکلی بازار کے مسائل میں سرفہرست پارکنگ کی ناکافی سہولیات ہیں، کئی حکومتیں آئیں لیکن کسی نے پارکنگ پلازہ تعمیر نہ کرایا، انارکلی بازار کی تاجر برادری اب طفل تسلیوں کی بجائے عملی اقدامات چاہتی ہے۔
اسی طرح انارکلی بازار کا دوسرا اہم مسئلہ تجاوزات اور ون وے کی خلاف ورزی ہے، بازار کے بیچوں بیچ دوطرفہ ٹریفک اکثر ٹریفک جام کا سبب بنتی ہے۔ خریداری کے لیے جیسے ہی مال روڈ سے انارکلی بازار میں داخل ہوں تو دونوں اطراف تجاوزات نظر آتی ہیں۔
تاجران نے پنجاب حکومت سے پارکنگ پلازہ کی فوری تعمیر کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بازار کی رونقیں بحال ہوسکیں۔
مزید اہم خبریں جانئے:https://www.youtube.com/channel/UCdTup4kK7Ze08KYp7ReiuMw/featured