شاہد ندیم سپرا:لیسکو میں رشوت وصولی کا بازار گرم، جعلی دستاویزات بنا کر بھی بجلی کی سپلائی دی جانے لگی، موہلنوال میں بھاری رشوت کے عوض غیرقانونی ہاؤسنگ سکیم کو بجلی مہیا کرنے کا انکشاف، لائن سپرنٹنڈنٹ محمد شفیق نے 28 لاکھ روپے رشوت لے کر جعلی دستاویزات پر بجلی فراہم کی، جعلی نیٹ ورکنگ سے کمپنی کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔
تفصیلات کے مطابق لیسکو چوہنگ سب ڈویژن کے علاقے موہلنوال میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کو بجلی مہیا کرنے کے معاملہ میں اہم انکشاف سامنے آیا ہے، چوہنگ سب ڈویژن کے لائن سپرنٹنڈنٹ محمد شفیق نے بجلی دینے پر رشوت وصول کی، جعلی دستاویزات بنا کر بجلی فراہم کی۔
ہاؤسنگ سکیم کے مالک خالد طفیل نے مقدمہ درج ہونے کے بعد رشوت دینے کا بیان ریکارڈ کروا دیا ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ ایل ایس محمد شفیق نے بجلی کی سپلائی کی ذمہ داری لی اور اٹھائیس لاکھ روپے رشوت لی، ہاؤسنگ سکیم میں جعلی دستاویزات پر پولز اور ٹرانسفارمر نصب کیا گیا تھا۔