سٹی 42: وزیراعلیٰ پنجاب آئندہ ہفتے صوبائی وزراءکی کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزرا سے 15 روز میں کارکردگی رپورٹ طلب کی تھی،صوبائی وزراکل سے اپنی کارکردگی رپورٹ وزیراعلیٰ آفس میں بھجوائیں گے۔
کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لے کر وزراکے قلمدان واپس یا تبدیل کئے جانے کاامکان ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کارکردگی کا جائزہ لے کر رپورٹ وزیراعظم کو پیش کریں گے ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار وزیراعظم سے مشاورت کے بعد اہم فیصلے کریں گے ۔
خیال رہے عیدالفطر سے قبل پنجاب کابینہ میں تبدیلیوں کا فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کرچکے ہیں،خراب کارکردگی والےوزراء سےقلمدان واپس لیے جائیں گے،ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکاوزراء کی کارکردگی رپورٹس منگوانےکامقصد بھی کابینہ کےاندر ردوبدل کرنا ہے،ذرائع کا کہنا ہےکہ چار سےپانچ وزراء کی کارکردگی سے وزیراعظم مطمئن ہیں اورنہ ہی وزیراعلی پنجاب۔ناقص کارکردگی والے وزراء کو پہلےبھی تنبیہ کی جاچکی ہے،انکے محکموں میں بہتری کی گنجائش موجود تھی لیکن نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ پنجاب کے وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار سے ملاقات کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیاتھا۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا گیاتھا۔ جبکہ وزیرِ اعلیٰ نے نسیم صادق کی کمشنر ڈیرہ غازی خان کے عہدے سے علیحدہ کرنے کی درخواست بھی قبول کرتے ہوئے انھیں او ایس ڈی بنا دیا۔ نسیم صادق نے ایف آئی اے رپورٹ آنے کے بعد عہدے سے الگ کرنے کی درخواست کی تھی۔دریں اثنا پنجاب کے سابق ڈائریکٹر فوڈ ظفر اقبال کو بھی او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئیں اور کئی وفاقی وزراء بشمول مخدوم خسرو بختیار اور حماد اظہر کے قلمدان تبدیل کر دیے گئے تھے۔وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی خسرو بختیار سے ان کا قلمدان واپس لے کر سید فخر امام کو دے دیا گیا تھا۔حماد اظہر جو اب تک وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور تھے، انھیں وزارتِ صنعت و پیداوار جبکہ حماد اظہر کا اقتصادی امور کا قلمدان اب خسرو بختیار کو دے دیاگیا۔