جیل روڈ (زاہد چودھری) کراچی طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے افراد کی شناخت کا عمل شروع ہوگیا۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ٹیم نے دانتوں کے ریکارڈ کی مدد سے پہلی نعش شناخت کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے افراد کی شناخت کا عمل شروع ہوگیا۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ٹیم نے دانتوں کے ریکارڈ کی مدد سے پہلی نعش شناخت کرلی ہے۔ پہلے شہید کی شناخت دانتوں کے ریکارڈ سے کی گئی ہے۔ 62 سالہ محمد عطا اللہ کے دانتوں کے علاج کا ریکارڈ ان کی فیملی نے فراہم کیا تھا۔
یو ایچ ایس کی ٹیم نے حادثے میں جان بحق ہونے والے 21 افراد کے دانتوں کا ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے انچارج پروفیسر جاوید اکرم نے حادثہ میں جان بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے اپیل ہے کہ وہ اپنے پیاروں کا میڈیکل یا ڈینٹل ریکارڈ فراہم کریں تاکہ شناخت کے پراسز کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ ریکارڈ براہ راست یو ایچ ایس کی ٹیم کو فراہم کرنے کے لئے اس فون نمبر پر 03134171447 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
ڈی جی ڈاکٹر اشرف طاہر نے بتایا ہے کہ پنجاب فرانزک ایجنسی ایشیاء کی سب سے بڑی فرانزک کرائم انویسٹی گیشن لیب ہے اور عالمی سطح پر یہ لیب ایف بی آئی کے بعد دوسری بڑی لیب ہے۔ انھوں نے بتایا ہے کہ شہداء کی رپورٹ متعلقہ حکام تک چوبیس گھنٹوں میں پہنچا دی جائے گی۔
علاوه ازیں طیارہ حادثے کی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، طیارہ ساز کمپنی ائر بس کی ٹیم کراچی پہنچے گی، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ائیربس نےائیرکریش کی تحقیقات میں ماہر10 رکنی تکنیکی ٹیم کوتحقیقات سےمنسلک کردیا گیا ہے. ماڈل کالونی کا متاثرہ علاقہ تاحال سیل ہے، فوج ،رینجرز اور پولیس کے جوان تعینات ہیں اور کسی کو جانے کی اجازت نہیں، ترجمان پی آئی اے کے مطابق واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کررہے ہیں۔