( قذافی بٹ ) چینی نائب صدر کی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ون آن ون ملاقات، چینی نائب صدر گورنر پنجاب کی عالمی اور معاشی صورتحال پر گفتگو سے بہت متاثر، کہتے ہیں کہ آپ جیسے لوگ سیاست اور قوموں کیلئے کسی اثاثے سے کم نہیں ہوتے۔
چین کے نائب صدر وانگ چی شان نے گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سے ون آن ون ملاقات کی، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور چینی نائب صدر کے درمیان معیشت 'پانی' موسمیاتی تبدیلی اور دہشت گردی پر 15 منٹ سے زائد گفتگو ہوئی۔
چینی نائب صدر وانگ چی شان نے گورنر پنجاب سے گفتگو کے دوران پاکستان میں کرپشن کے خلاف حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور بین الاقوامی شخصیت اور پاکستان کا اثاثہ ہیں۔ چینی صدر کا کہنا تھا کہ ان سے ملاقات کرکے محسوس ہوا کہ وہ عالمی سطح کے تجربہ کار سیاستدان ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو آج کے دور میں ان جیسے لیڈروں کی ضرورت ہے، ملاقاتیں اسی وقت کامیاب ہوتی ہیں جب تحمل والی شخصیات ہوں۔ گورنر پنجاب نے چینی نائب صدر کے ریمارکس پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رشتہ صدیوں سے قائم ہے جو وقت کے ساتھ مضبوط ہورہا ہے۔