ویب ڈیسک:گھرمیں موجود کوڑا کرکٹ اور دیگر فضول اشیا اُٹھا کر باہر پھینک دی جاتی ہیں لیکن اگر بات کی جائے انسانی فضلے کی تو کوئی اسے ایک سیکنڈ بھی گھر میں برداشت نہیں کرسکتا ۔تاہم حیران کن طور پر اب آپ اپنا فضلہ فروخت کرکے دولاکھ روپے ماہانہ کما سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک امریکی بایوٹیکنالوجی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی صحت مند شہری اسے اپنا ذاتی فضلہ روزانہ فراہم کرے گا تو وہ اسے ہر مہینے 1,200 ڈالر (تقریباً 2 لاکھ 18 ہزار روپے) ادا کرے گی۔
خبروں کے مطابق، میساچیوسٹس کی بایوٹیکنالوجی کمپنی ’’سیرس تھراپیوٹکس‘‘ نے ’’گڈ نیچر‘‘ کے نام سے ایک نئے تحقیقی منصوبے پر کام شروع کیا ہے جس میں ’’کلوسٹریڈیئم ڈیفیسائل‘‘ (Clostridium difficile) نامی جرثومے سے ہونے والے ہیضے کا بہتر علاج ڈھونڈنے کےلیے تحقیق کی جائے گی۔
گڈ نیچر پروگرام میں 18 سے 50 سال عمر کے ایسے افراد شریک کیے جائیں گے جن کا ہاضمہ بالکل ٹھیک ہو، جن کا وزن نارمل ہو، جو سگریٹ نہ پیتے ہوں، منشیات کے عادی نہ ہوں، شراب نوشی نہ کرتے ہوں، جنہیں لمبے عرصے تک آنتوں اور پیٹ کی کوئی بیماری نہ رہی ہو، اور اگر وہ کوئی خاتون ہوں تو وہ حاملہ بھی نہ ہو۔
منتخب رضاکاروں کو روزانہ یا بتائے گئے دورانیے کے مطابق اپنا ٹھوس فضلہ (پاخانہ) اس کمپنی کو فراہم کرنا ہوگا، جس کے بدلے میں انہیں اوسطاً 1,200 ڈالر ماہانہ معاوضہ دیا جائے گا جو زیادہ سے زیادہ 1,500 ڈالر ماہانہ تک ہوسکتا ہے۔
تاہم ’’گڈ نیچر‘‘ ایک بڑا منصوبہ ہے جس کےلیے ادارے کو بڑی تعداد میں رضاکاروں کی ضرورت ہے۔ اسی بناء پر یہاں رجسٹریشن اب تک جاری ہے اور شاید آئندہ کئی ماہ تک جاری رہے گی۔
قباحت صرف اتنی ہے کہ صرف امریکی شہری ہی اپنا فضلہ اس کمپنی کو عطیہ کرنے کےلیے درخواست دے سکتے ہیں۔