وقاص احمد: کم سن نوجوان شادی کی تقریب میں ہاتھ کر گیا، سبزہ زار کے علاقے میں منعقدہ تقریب سے 67 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور نقدی لے کر رفو چکر ہوگیا۔
رواں برس ڈاکوؤں نے لاہور پولیس کےطوطے اُڑا دئیے۔نوے سے بھی کم دنوں میں دوران واردات مزاحمت پر ڈاکوؤں نے پچاس سے زائد لاہوریوں کو زخمی جبکہ چار کو قتل کر دیا۔ لاہور پولیس ڈکیتی مزاحمت پر لاہوریوں کو قتل ہونیوالے کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی. رواں برس ڈاکوؤں نے شہریوں کیساتھ متعدد پولیس اہلکاروں کو بھی زخمی کیا ۔
اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب میاں اجمل بھی دوران واردات زخمی ہونیوالوں میں شامل ہیں جبکہ وارداتوں کے دوران کروڑوں کی جمع پونجی بھی لٹ چکی ہے۔ پولیس حقائق کے برعکس سب اچھا کا راگ آلاپ رہی ہے۔
چوری کی منتظر عام پر آنے والی فوٹیج میں کم سن نوجوان کو اہلخانہ کا بیگ اٹھا کر فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ بیگ اٹھانے سے قبل نوجوان ریکی کرتا ہے اور فیملی کو شادی کی تقریب میں مگن پا کر بیگ اٹھا کر رفو چکر ہوجاتا ہے۔
متاثرہ شہری رانا محمد احمد نے اندراج مقدمہ کے لئے سبزہ زار پولیس کو درخواست دے دی۔ کم سن نوجوان کی تقریب میں گھومنے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے جلد ملزم کو گرفتار کر کے سامان برآمد کر لیا جائے گا۔
واضح رہے اس سے قبل گلبرگ میں خاتون کی گاڑی سے لیڈیز بیگ چرانے کی واقعہ ہوا تھا۔ بچہ گاڑی کا اگلا دروازہ کھولتا دکھائی دیتا ہے، شلوار قمیض میں ملبوس ایک ملزم فٹ پاتھ پر کھڑا صورتحال کا جائزہ لیتا ہے۔ ملزموں کا ایک ساتھی گاڑی کا پچھلا دروازہ کھول کر لیڈیز بیگ نکالتا ہے۔
متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ واردات کے بعد چاروں ملزم رکشہ میں فرار ہو گئے۔ بیگ میں لاکھوں مالیت کے طلائی زیورات، ملکی و غیر ملکی کرنسی موجود تھی۔ متاثرہ خاتون کی جانب سے اندراج مقدمہ کی درخواست تھانہ گلبرگ میں جمع کرائی گئی۔