جوہر ٹاؤن (درنایاب)اہلیان لاہور کیلئے بڑی خبر، شہر کے تین میگا پراجیکٹس کے فنڈز جاری کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی اینڈ ڈی بورڈ نے شاہکام فلائی اوور، شیرانوالہ فلائی اوور اور گلاب دیوی انڈر پاس کیلئے 8 ارب 81 کروڑ 54 لاکھ کے فنڈز جاری کرنے کے احکامات دے دیئے, شاہکام فلائی اوور کیلئے 3ارب 86 کروڑ 40لاکھ ، شیرانوالہ فلائی اوور کیلئے 4ارب اور گلاب دیوی انڈر پاس منصوبے کیلئے 95 کروڑ کے فنڈز جاری کردیئے گئے۔
ایل ڈی اے کو مجموعی طور پر 10 ارب 85 کروڑ کے عوض 8 ارب 81 کروڑ کے فنڈز جاری ہوئے، میگا پراجیکٹس کیلئے جاری ہونیوالے فنڈز اورنج لائن کے ڈیپازٹ ورکس کے فنڈز تھے۔ کچھ عرصہ قبل ایل ڈی اے نے میگا پراجیکٹس کیلئے فنڈز کو سرنڈر کر دیا تھا، 12 مارچ کو ایل ڈی اے نے محکمہ ہاؤسنگ سے فنڈز ریلیز کرنے کی استدعا کی تھی۔
محکمہ پی اینڈ ڈی نے فائل ملتے ہی دو روز میں فنڈز جاری کرنے کے احکامات دیئے، چیف انجینئر ایل ڈی اے عبدالرزاق چوہان کے مطابق فنڈز وصول ہوتے ہی میگا پراجیکٹس پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ چیف انجینئر ایل ڈی اے کے مطابق میگا پراجیکٹس کے ٹینڈرز کا پراسیس شروع کیا جاچکا ہے۔