شاہ رخ ندیم:ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان نے کہا کہ عمران خان بلین ٹری تو نہیں لگا سکے مگر بلین جھوٹ بول چکے، انہوں نے کہا کہ پہلے جھوٹ زبانی بولا جاتا تھا مگر اب کاغذوں پر بھی جھوٹ بولا جانے لگا۔
ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے ادویات کی خرید پر جو دستاویزات پیش کیں وہ جھوٹ پر مبنی ہیں ، انہوں نے کہا کہ پنجاب نے ایک سال میں ادویات کی خرید میں 256 ملین کی بچت کی۔ملک احمد خان نے کہا کہ عمران خان نے خیبر پختونخوا میں عملی طور پر کچھ نہیں کیا صرف نعرے ہی بیچے ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ حکومت کے آخری مہینوں میں نیب نے متاثر کیا مگر ہم ڈرنے والے نہیں۔ملک احمد خان نے کہا کہ ذاتی طور پر نیب قوانین کے خلاف ہوں، نیب قوانین کو پہلے تبدیل ہونا چاہیے تھا۔