(اویس کیانی) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پیپلز ری پبلک آف چائنا کے ہم منصب کیوآئی یانجن سے نیویارک میں اقوام متحدہ کے پیپلز ری پبلک آف چائنا کے مشن کے آفس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں پاک چین تعلقات، سکیورٹی امور ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے چین کے تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں شخصیات نے ٹریننگ اور جدید آلات و ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں بھی گفتگو کی۔
پیپلز ری پبلک آف چائنا کے ہم منصب کیوائی یانجن نے اسلام آباد میں غیر ملکیوں خصوصا چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کے قیام کے اقدام کو سراہا اور پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹریننگ و استعدادکار بڑھانے کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
کیوآئی یانجن نے داسو واقعے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیر داخلہ محسن نقوی کو ستمبر میں چین میں ہونے والے گلوبل سیکیورٹی فورم میں شرکت کی دعوت دی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گلوبل سیکیورٹی فورم میں شرکت کی دعوت قبول کی اور کیوآئی یانجن کا شکریہ ادا کیا۔