حضرت محمدﷺ کے نام کیساتھ خاتم النبیین لکھنےکی قرارداد منظور

حضرت محمدﷺ کے نام کیساتھ خاتم النبیین لکھنےکی قرارداد منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (علی اکبر) پنجاب اسمبلی نے بھی حضرت محمدﷺ کے نام کے ساتھ خاتم النبیین تحریر کرنا اور بولنا لازمی قرار دینے کی قرارداد منظور کر لی جبکہ نصاب ساز اداروں کی حدود متعین کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی میں ہونیوالی قانون سازی پر وزیراعلیٰ، وزیر قانون اور خدیجہ عمر سمیت پارلیمانی لیڈرز کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

 سپیکر چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ ہمارے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ پورا ایوان خراج تحسین کا حق دار ہے، پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران رائے حق پارٹی پارلیمانی لیڈر محمد معاویہ نے قرارداد پیش کی جس میں نصاب ساز اداروں کی حدود متعین کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی میں (ق) لیگ کی رکن خدیجہ عمر فاروقی کے مسودہ قانون پر ہونے والی قانون سازی پر سپیکر، وزیر اعلیٰ پنجاب اور پارلیمانی لیڈز سمیت تمام کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

نیلم حیات نے  پنجاب اسمبلی میں قرار داد پیش کی، جس میں یہ مطالبہ کیا گیا  کہ اس حوالے سے قانون سازی کی جائے کہ جہاں جہاں ہمارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا نام مبارک تحریر یا بولا جائے اس کے ساتھ خاتم النبیین تحریر کرنا یا بولنا لازم قرار دیا جائے، یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی، سینیٹ، سندھ اسمبلی میں بھی نصابی کتب، سرکاری دستاویزات میں حضرت محمدﷺکے نام کے ساتھ خاتم النبیین  لکھنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی،قومی اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے پیش کی تھی جس کی تمام پارلیمانی جماعتوں نے حمایت کی۔

قومی اسمبلی نے حضرت محمدﷺ کے نام کے ساتھ خاتم النبیین لازمی لکھنے کی قرارداد پر عمل درآمد کرانے کا فیصلہ کرلیا، اس ضمن میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مرکزی و صوبائی حکومتوں کو خط لکھنے کا اعلان کر دیا۔

Sughra Afzal

Content Writer