عید کے اجتماعات کیلئے سکیورٹی پلان تیار

عید کے اجتماعات کیلئے سکیورٹی پلان تیار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عرفان ملک/ علی ساہی ) عید کے لیے لاہور پولیس نے تیاریاں مکمل، شہر میں موجود 05 ہزار سے زائد مساجد کو سیکورٹی دینے کے ساتھ ساتھ کورونا ایس او پیز پر بھی عملدرآمد کروایا جائے گا۔

عید قربان پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے لاہور پولیس نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ شہر میں پانچ ہزار سے ذائد مساجد اور ڈھائی سو سے ذائد کھلے مقامات پر عید اجتماعات ہونگے۔ 06 ایس پیز، 34 ڈی ایس پیز، 84 انسپکٹرز و اپر سب آرڈینیٹس سمیت 08 ہزارسے زائد پولیس افسران و اہلکار اپنے فرائض سرانجام دینگے۔

کورونا صورتحال کے پیش نظر مساجد، عید گاہوں، امام بارگاہوں، عید کے اجتماعات اور قبرستانوں کیلئے مربوط سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔ نمازعید کے اجتماعات کیلئے پولیس کے ساتھ ساتھ ٹاسک فورس کو بھی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی زیر صدارت عید سکیورٹی اور کرائم کنٹرول کا جائزہ اجلاس ہوا۔ آئی جی پنجاب نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کرائم میٹنگ کیلئے اعدادو شمار بھجواتے وقت آرپی اوز، ڈ ی پی اوزبہت احتیاط سے کام لیں، اعدادو شمار میں کمی بیشی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ آر پی اوز اپنے اضلاع میں ڈکیتی، قتل و راہزنی کی وارداتوں میں گرفتار ملزمان کی تفصیلات جیل ڈیٹا سے چیک کرنے کے بعد سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔

عید قربان پر مساجد، امام بارگاہوں سمیت دیگر اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ عید کے موقع پر عوام اور بیوپاریوں کے تحفظ کیلئے مویشی منڈیوں کے گردونواح پٹرولنگ فورسز کے گشت کا دورانیہ بڑھایا جائے۔ بغیر اجازت اور کالعدم تنظیموں کے قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پرعائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔

انہوں نےکہا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے پیش نظرعید قربان کی چھٹیوں میں غیر ضروری اجتماعات پر پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ صوبہ بھر میں جرائم پیشہ افراد اور بدمعاشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں کوئی تعطل نہ آنے پائے اور تعلیمی اداروں کے گردو نواح میں منشیات فروشی میں ملوث بڑے مجرموں سے ترجیحی بنیادوں پرنمٹا جائے۔ صوبے کے تمام آرپی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی جبکہ سی پی او کےافسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔