سٹی 42: کورونا وائرس کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی ( سی اے اے ) نے انتطامات مزید سخت کرتے ہوئے نئی سفری پالیسی جاری کر دی۔
سی اے اے اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کے باعث سی اے اے کی نئی سفری پالیسی کی مدت میں 31 اگست تک توسیع کر دی گئی ہے۔مسافروں کو بٹھانے سے قبل جہاز میں جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا جب کہ جہاں ممکن ہو ایک سیٹ چھوڑ کر بورڈنگ پاس جاری کیا جائے گا۔دوران پرواز سیٹ بدلنے پر پابندی اور تمام مسافروں کا ماسک پہننا لازم ہوگا، ساتھ ہی ہر مسافر کا ڈیڑھ گھنٹے بعد درجہ حرارت چیک کرنا بھی لازم قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مسافروں کا درجہ حرارت زیادہ ہونے پر کورونا ٹیسٹ ہیلتھ حکام کی مرضی سے مشروط ہے جب کہ کورونا علامات ظاہر ہونے پر قرنطینہ کے لیے مسافر خود اخراجات برداشت کریں گے۔
اعلامیے میں جہاز کے کپتان کی کورونا حفاظتی انتظامات پر تسلی اور ڈومیسٹک پروازوں کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق ائیر لائن اور سی اے اے حکام کے دستخط لازم قرار دیے گئے ہیں۔سی اے اے نے جہاز کے عملے کے لیے دوران پرواز حفاظتی سوٹ سمیت تمام انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔اس کے علاوہ ڈھائی گھنٹے سے کم دورانیہ کی پروازوں کے مسافروں کو کھانا فراہم کرنے پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔
یاد رہے ملک میں کورونا سے مزید 22 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 5840 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 274026 تک جاپہنچی ہے۔اب تک پنجاب میں 2116، سندھ میں 2151 اور خیبر پختونخوا میں 1178 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ اسلام آباد میں 163، بلوچستان میں 136 ، آزاد کشمیر میں 49 اور گلگت بلتستان میں 47 افراد کا انتقال ہوا ہے۔