(علی رامے) پنجاب حکومت کوترقیاتی بجٹ کی مد میں غیرملکی بینکوں سےنئے مالی سال کے لیے6 ارب کی پہلی قسط موصول ہوگئی، اورنج لائن ٹرین کیلئے 4 ارب 41 کروڑ بھی ایکزم بینک کی جانب سے جاری کردیئے گئے۔
نئے مالی سال 20-2019 کے لیے پنجاب میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی مد میں محکمہ خزانہ نے غیر ملکی بینکوں سے جاری ہونے والے ترقیاتی فنڈز متعلقہ محکموں کو آن لائن جاری کردیئے ہیں۔
ذرائع کےمطابق اورنج ٹرین کو 4 ارب 41 کروڑ روپے کی قسط بھی ایکزم بینک کی جانب سے جاری کردی گئی ہے، یہ قسط الیکٹرک ورک کی مد میں واجب الادا رقم کے لیے جاری کی گئی ہے، آبپاشی، ٹرانسپورٹ، اربن ڈویلپمنٹ، زراعت اور پی اینڈ ڈی بورڈ کے لئے نئے مالی سال کی پہلی قسط عالمی ڈیفڈ ایشین انویسٹ بینک اور ایکزم بینک کی جانب سے جاری کی گئی۔
آبپاشی کے لیے 1 ارب 50 کروڑ، اربن ڈویلپمنٹ کے لیے 1 کروڑ، زراعت کے شعبہ کے لیے 13 کروڑ 34 لاکھ روپے اور پی اینڈ ڈی بورڈ کو مختلف پروگراموں کے لیے3 کروڑ 77 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔