(ویب ڈیسک) دہشت گردی کی نئی لہر، بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، پاک فوج کے10جوان شہید ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا اور کئی زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردوں کیساتھ لڑائی میں پاک فوج کے 10 جوان جام شہادت نوش کر گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، حملہ 25 اور 26 جنوری کی درمیانی شب کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 10 جوان شہید ہو گئے جبکہ ایک دہشتگرد ہلاک ہوا اور متعدد زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 3 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ کلیئرنس آپریشن ابھی تک جاری ہے۔
ایک مہینے کے دوران صوبے میں ہونے والا اس قسم کا دوسرا واقعہ تھا۔اس سے قبل 24 دسمبر کو ضلع کیچ میں ہی سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے میں 2 فوجی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔