(قیصرکھوکھر)پنجاب بھر کے سرکاری ڈرائیوروں کیلئے خوشخبری، کابینہ کی سب کمیٹی نے ڈرائیوروں کی اپ گریڈیشن کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے سرکاری ڈرائیوروں کا دیرینہ مطالبہ منظور کرلیا ہے، کابینہ کی سب کمیٹی نے پنجاب بھر کے سرکاری ڈرائیوروں کی اپ گریڈیشن کی منظوری دیدی ہے۔ یہ منظوری صوبائی وزیر قانون راجہ محمد بشارت کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں دی گئی۔ اپ گریڈیشن کے بعد گریڈ 7 کے ڈرائیور کو گریڈ گیارہ ملے گا۔ اسی طرح گریڈ گیارہ کے ڈرائیور کو گریڈ چودہ ملے گا جبکہ گریڈ چودہ کے ڈرائیور کو گریڈ سولہ ملے گا۔ سب کمیٹی کی منظوری کے بعد اب یہ کیس فل کابینہ میں جائے گا جہاں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کابینہ کی مشاورت سے اس کی حتمی منظوری دیں گے۔
واضح رہے کہ قانون شکنی پر نجی ٹرانسپورٹرز کو گرفت میں لانے کا فیصلہ کیاگیا، نیا ٹرمینل ایکٹ لانے کی تیاری، اڈے سے باہر مسافر بٹھانے پر پابندی ہوگی۔ پنجاب حکومت ٹرانسپورٹرز کو قانون کے دائرے میں لانے کی تیاریاں کررہی ہے۔شہر میں نجی ٹرانسپورٹرز کی قانون شکنیوں پر قابو پانے کے لیے بس ٹرمینل ایکٹ لایا جائے گا۔ نئے بس ٹرمینل کی حدود کے باہر کسی بھی ٹرانسپورٹر کو مسافر بٹھانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ٹرمینل ایکٹ کے تحت سرکاری بس اڈے کو ترجیح دی جائے گی۔
نجی بس اڈوں کو قانونی گرفت میں لا کر نیا ٹرمینل ایکٹ لاگو کیا جائے گا۔ٹرمینل ایکٹ کے بعد پنجاب حکومت بس ٹرمینل اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لائے گی جبکہ اس سے قبل لاہور بس سٹینڈ کے نام سے دوہزار بارہ میں ترمیمی قانون لایا گیا تھا۔اب ٹرمینل ایکٹ کے تحت شہر میں نئے بس ٹرمینلز کو کنٹرول میں لایا جائے گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ٹرمینل ایکٹ کا مجوزہ مسودہ ایوان وزیراعلیٰ سے منظوری کے لیے بھیج گیا ہے۔ کیبنٹ کی منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی ارسال کیا جائے گا ۔