روزینہ علی: آج رات موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلودرہے گا، تاہم شمالی اور جنوب مغربی بلوچستان، گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
بدھ کے روزموسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ سوات، شانگلہ، کوہستان، چترال اور دیر میں گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ مری، گلیات اور گردو نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ دالبندین، چاغی، نوشکی، پنجگور، گوادر ، تربت، کیچ، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ ،قلعہ سیف اللہ اور موسیٰ خیل میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہےگا۔ گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔