عمر اسلم: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ باعث افسوس وتشویش ہے۔ درپیش صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور عوام کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے قومی حکمت عملی بنائی جائے۔
کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم فوری اعلی سطحی اجلاس بلائیں، چاروں وزراءاعلی، وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر اوروزیراعلی گلگت بلتستان کو بھی بلائیں۔ مشینیں، آلات اورعلاج معالجے کے لئے درکار ضروری طبی سامان بھی ہنگامی بنیادوں پر منگوایا جائے۔
انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر یہ اقدامات اب تک کرلینے چاہئیں تھے۔ مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جائے ورنہ صورتحال ہاتھ سے نکل جائے گی۔ بیان بازی پر زوررکھنے کے بجائے اقدامات اور انتظامات پر توجہ دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ آگہی کی قومی مہم چلائی جائے تاکہ شہریوں کو صورتحال میں رہنمائی میسرآئے۔ برادر ملک چین سے کورونا سے نمٹنے کے انتظامات میں پیشہ وارانہ رہنمائی لی جائے۔ ماہرین اور ڈاکٹرز کی ٹاسک فورس بنائی جائے تاکہ قومی پالیسی کی تشکیل ہوسکے۔ قوم سے دعا کی خصوصی اپیل ہے کہ اللہ تعالی سب کو اس آفت سے محفوظ رکھے۔