حسن علی: اپٹما کے وفد کی گوہر اعجاز کی سربراہی میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کامیاب، وزیر اعظم نے ایکسپورٹ میں اضافے کے حوالے سے اپٹما کا موقف تسلیم کرتے ہوئے 30 جون 2020 تک ایکسپورٹس کی صنعتوں کو بجلی ساڑھے سات سینٹ کے حساب سے فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے گروپ لیڈر گوہر اعجاز کے ہمراہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور وزارت توانائی کی جانب سے ٹیکسٹائل ملوں کو بجلی کے زائد بلوں کا مسئلہ اٹھایا۔
ملاقات میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، حماد اظہر، عمر ایوب اور ندیم بابر بھی موجود تھے، وزیر اعظم نے ایکسپورٹ بڑھانے کے حوالے سے اپٹما کے وفد کا موقف تسلیم کرتے ہوئے 30 جون 2020 تک ٹیکسٹائل سمیت دیگر ایکسپورٹس کی صنعتوں کو ساڑھے سات سینٹ کے حساب سے ہی بجلی فراہم کی جانے کی ہدایات جاری کردیں۔
وزیر اعظم نے وزارت توانائی کو ٹیکسٹائل سمیت دیگر ایکسپورٹ کی صنعتوں کو بجلی کے زائد بل فوری طور پر واپس لینے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
یاد رہے کہ اپٹما نے اس اضافے کو مسترد کر دیا تھا، تاہم بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے ملک بھر کی ملوں کو 12 ماہ کے بجلی کے بل یک مشت ادا کرنے کے احکامات جاری کئے تھے جسے ملز مالکان نے مسترد کر دیا اور بل دینے سے انکار کر دیا ہے اور اس سلسلے میں اپٹما نے حکومت کو خط بھی لکھا گیا تھا۔
اپٹما نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی تھی کہ تمام تر صورتحال کا نوٹس لیں اور ٹیکسٹائل سمیت دیگر صنعتوں کو درپیش مسائل کو حل کریں تاکہ ایکسپورٹس میں اضافہ ہو اور ملکی معیشت چل سکے۔