(سٹی42): پاکستان مسلم لیگ (ن )کی مرکزی مجلس عاملہ نے نواز شریف کو تاحیات قائد اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو نون لیگ کا قائم مقام صدر منتخب کرلیا، مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں اس فیصلے کی تصدیق کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹائون میں چیئرمین راجہ ظفر الحق کی زیرصدارت پاکستان مسلم لیگ (ن)کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا, اجلاس میں سابق وزیراعظم نوازشریف نے پارٹی صدارت کیلئے شہبازشریف کا نام تجویز کیا جس کی مرکزی مجلس عاملہ نے منظوری دے دی جس کے بعد شہبازشریف مسلم لیگ (ن) کے قام مقام صدر بن گئے ۔اس فیصلے کی تصدیق مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کردی ہے۔
واضح رہے کہ نواز شریف کی جلا وطنی کے دوران شہباز شریف پہلے بھی دو بار مسلم لیگ( ن )کے صدر رہ چکے ہیں، اب سابق وزیر اعظم نواز شریف کی سپریم کورٹ سے بطور پارٹی صدر نا اہلی کے بعد شہباز شریف کو مسلم لیگ( ن) کا صدر منتخب کرلیا گیا۔