(شاہد ندیم سپرا) نجکاری کمیشن کی پابندی نے لیسکو میں کنٹریکٹ پر تعینات 4700 افسران و ملازمین کا مستقبل داؤ پر لگا دیا گیا، پیپکو نے نجکاری کمیشن کے فیصلے کی بنیاد پر لیسکو سمیت تمام تقسیم کار کمپنیوں کو مراسلہ ارسال کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نجکاری کمیشن نے کنٹریکٹ پر تعینات افسران کو مستقل کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق نجکاری کمیشن کی جانب سے پابندی کی وجہ سے افسران کو مستقل نہیں کیا جائے گا، لیسکو میں گریڈ 17 کے 140 اسسٹنٹ مینجرز بھی مستقل نہ ہو سکے۔
واضح رہے کہ لیسکو نے 2015 میں افسران و ملازمین کو بھرتی کیا تھا، تاہم دو دفعہ کنٹریکٹ میں توسیع کر کے افسران سے کام لیا جا رہا ہے، کنٹریکٹ پر تعینات افسران و ملازمین کے مستقبل کے لیے تقسیم کار کمپنیوں نے افسران کی مستقلی کے لیے خطوط ارسال کیے، تاہم خطوط کے جواب میں پیپکو نے نجکاری کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔