(وقارگھمن) ملک کے مختلف شہروں سے آئے نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن کے ملازمین نے باضابطہ طور پر ریگولر کرنے کے لئے احتجاج کیا۔
مظاہرین نے این ایف سی ہیڈکوارٹر کے باہر دھرنادیا، اس دوران ایک شخص بے ہوش ہوگیا، نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن کے مختلف شہروں سے آئے ملازمین نے پنجاب اسمبلی کے سامنے واقع ہیڈآفس کے باہر احتجاجی دھرنا دے دیا۔
ملازمین کا کہنا تھا کہ دوہزار تیرہ میں انکو مستقلی کا نوٹیفکیشن دیا گیا مگر آج تک اس پر عمل درآمد نہیں ہوا اور نہ مستقل ملازمین والی مراعات مل رہی ہیں۔
دھرنے میں شامل لیہ سے تعلق رکھنے والا دل کا مریض ابوبکر اچانک حالت غیر ہونے سے بے ہوش ہوگیا۔ جسے ریسکیو عملہ نے طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
مظاہرین کے این ایف سی کے اعلی عہدیداران سے مذاکرات بھی ہوتے رہے مگر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، احتجاجی ملازمین کا کہنا تھا کہ جب تک سب مستقل نہیں ہوتے احتجاج جاری رہیگا۔