دخترمشرق محترمہ بے نظیر بھٹو کی 11 ویں برسی، دلوں میں آج بھی زندہ

 دخترمشرق محترمہ بے نظیر بھٹو کی 11 ویں برسی، دلوں میں آج بھی زندہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (سعدیہ خان) عہد ساز شخصیت، دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کو 11 برس بیت گئے۔ لاہور سے 300 جیالوں پر مشتمل قافلہ بے نظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کیلئے صدر پیپلز پارٹی لاہور حاجی عزیز الرحمان چن کی قیادت میں گڑھی خدا بخش روانہ ہوگیا۔

شہید بے نظیر بھٹو 21جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ ہارورڈ یونیورسٹی سے 1973 میں پولیٹیکل سائنس میں گریجویشن کیا۔ آکسفورڈ یونیورسٹی سے فلسفہ، معاشیات اور سیاسیات میں ایم اے کیا۔سیاسی میدان میں قدم رکھنے سے قبل ہی بے نظیر بھٹو نے قیدوبند کی صعوبتیں جھیلیں۔ نڈر بے باک، سیاسی سفر ہو یا ذاتی زندگی، مشکلوں نے ہمیشہ بے نظیربھٹو کا پیچھا کیا۔ جلا وطنی نے بے نظیر بھٹو کو مردانہ وار لڑنے کی ہمت دی۔ ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی۔ اپنوں نے ہی دو بار وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹایا۔ ساتھیوں کی جانب سے ملنے والے اس دکھ پر بی بی شہید ہمیشہ آبدیدہ ہوجاتیں۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کی قیادت کواعزاز رہا کہ ان کے ساتھ محبت کرنے والے ایسے جیالے بھی رہے جنہوں نے ذوالفقارعلی بھٹو کے ساتھ جدوجہد کا آغاز کیا اور اب تک یہ سلسلہ تھما نہیں۔ ہرسال کی طرح رواں برس بھی جیالے مشکل حالات پس پشت ڈال کر قافلوں کی صورت بی بی شہید کی برسی میں شرکت کیلئے گڑھی خدا بخش جا رہے ہیں۔ موجودہ سیاسی صورتحال میں بھی جیالے پارٹی قیادت کے خلاف ہونے والی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

بے نظیر بھٹو کی برسی کا مرکزی اجتماع گڑھی خدابخش میں ہوگا جس میں  شرکت کیلئے لاہور سے 300 جیالوں پر مشتمل قافلہ عزیر الرحمان چن کی قیادت میں روانہ ہوگیا۔ حاجی عزیر الرحمان چن نے ریلوے اسٹیشن پر  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی بی ہمارے دلوں میں بستی ہیں انکی جدائی کا غم آج بھی تازہ ہے۔دیگرعہدہداروں اور کارکنوں کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت کو ہمیشہ آزمایا گیا۔ ہم ہر آزمائش میں اپنی قیادت کے ساتھ ہیں، احتساب کے نعروں کی گونج میں گرفتاریوں اور پیشیوں کے نتیجے میں جنم لینے والی موجودہ سیاسی صورتحال میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ہونے والا اجتماع اہم سمجھا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 18 اکتوبر 2007 کو دوسری جلا وطنی کے بعد بے نظیر بھٹو  وطن واپس آئی تھیں۔ 27دسمبر 2007 کو راولپنڈی میں قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئیں۔

Sughra Afzal

Content Writer