مانیڑنگ ڈیسک: بھارتی ریاست اوڈیشہ کے فوجی اڈے میں ایک اہلکار نے واش روم کی چھت سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خودکشی کرنے والے اہلکار کی شناخت رامیش کے نام سے ہوئی ہے جو نیم فوجی دستے سینٹرل ریزرو پولیس فورس میں سب انسپکٹر تھا۔رامیش صبح نہانے واش روم گیا تھا اور کافی دیر بعد بھی باہر نہ نکلا تو ساتھی اہلکاروں نے دروزاہ کھٹکھٹایا، کوئی جواب نہ ملنے پر دروازے کو توڑ کر اندر داخل ہوئے تو لاش چھت سے لٹکی ہوئی تھی۔
ساتھی اہلکاروں نے رامیش کو قریبی ملٹری اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کردی۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد آبائی گاؤں روانہ کردیا گیا۔
اہلکار کے خودکشی کرنے کی وجہ سامنے نہیں آئی، سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔
واضح رہے کہ بھارت میں کم ہمتی، ذہنی دباؤ اور افسران کے ہتک آمیز رویے کے باعث فوجی اہلکاروں میں خودکشی کے واقعات عام ہیں جب کہ آپسی جھگڑے میں کئی اہلکار مارے جا چکے ہیں۔