سموگ کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے حکومتی اقدامات

سموگ کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے حکومتی اقدامات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قذافی بٹ) سموگ کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے حکومتی اقدامات، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو تجاویز اور متوقع اقدامات کی رپورٹ بھجوا دی گئی، سموگ کا سبب بننے والی سرگرمیوں پر کنٹرول کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر سموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے محکمہ تحفظ ماحولیات نے مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں، ٹیمیں سیمنٹ کے پلانٹس اور پتھروں کی کوٹائی سے پھیلنے والی فضائی آلودگی کا جائزہ لیں گی، تجاویز میں کہا گیا ہے کہ سیمنٹ پلانٹس کی رہائشی آبادیوں سے دور تنصیب، بھٹوں کی جدید ٹیکنالوجی پر منتقلی اور انڈسٹریل یونٹس میں ماحول دوست ایندھن کے استعمال کو یقینی بنایا جائے، محکمہ تحفظ ماحول کے تحت تمام اضلاع میں آگاہی مہمات دوبارہ چلائی جائیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈویژنل کمشنرز کو مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دینے، بھٹوں کی جدید ٹیکنالوجی پر منتقلی کی رفتار تیز کرنے اور منتقلی کے دوران ٹائم لائنز کو بھی مدنظر رکھنے کی ہدایت کی ہے، تجاویز میں کہا گیا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ ٹریفک پولیس کی مدد سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی بندش اور وہیکلز کے فٹنس سرٹیفکیٹس کی چیکنگ کو یقینی بنائے، ماحول دوست ٹیکنالوجی پر تیار کردہ گاڑیوں اور بسوں کے انتخاب اور معیاری فیول کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔

تجاویز میں کہا گیا ہے کہ محکمہ ماحولیات تمام متعلقہ محکموں کو پابند کرے کہ وہ سموگ پر کنٹرول کے لیے کمیٹی میں تجویز کردہ ایکشن پلان کے مطابق اقدامات کو یقینی بنائیں، لاہور اور راولپنڈی سمیت تمام اضلاع میں ریڈ زونز میں سموگ کا سبب بننے والےعناصر پر کنٹرول یقینی بنایا جائے، رکشوں اور بسوں کی خرید وفروخت کے وقت فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول کو لازمی قرار دیا جائے۔

 

Sughra Afzal

Content Writer