(ویب ڈیسک)پاکستان نے 5 ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے پہلے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز اسکور کیے، ول ینگ اور ڈیرل مچل نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا، ڈیرل مچل نے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ول ینگ نے بھی 86 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ شاداب خان کے حصے میں آئی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 124 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔
امام الحق 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان بابر اعظم نے بھی 49 رنز کی اننگز کھیلی، شان مسعود ایک جبکہ آغا سلمان 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد نواز 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔