عمر اسلم : پنجاب اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس کل صبح ساڑھے گیارہ بجے ہو گا ، ارکان پنجاب اسمبلی پرداخلے کے لئے کڑی شرائط عائد کردی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق 28 اپریل کو ہونے والاپنجاب اسمبلی کااجلاس سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے طلب کر رکھا ہے۔
16 یادرہےاپریل کو قائمقام سپیکر سردار دوست محمد مزاری نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا تھا مذکورہ اجلاس میں پنجاب اسمبلی نے اپنے 21 ویں قائد ایوان حمزہ شہباز شریف کا انتخاب کیا تھا۔ تاہم نومنتخب قائد ایوان حمزہ شہباز شریف تاحال حلف نہیں اٹھا سکے۔
یادرہے لاہور ہائیکورٹ نے بھی گورنر پنجاب کو کل تک حمزہ شہباز کے حلف لینے سے متعلق حکم دے رکھا ہے ۔
ممکنہ طور پر کل ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ بھی اٹھایا جائےگا۔
مسلم لیگ ن نے اجلاس کی تیاری شروع کردی ہے اور اپنے تمام ارکان اسمبلی کو آج لاہور پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ علیم خان گروپ جہانگیر ترین گروپ اوراسد کھوکھر گروپ کےارکان کو بھی لاہور پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے، ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی آج مسلم لیگ ن سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں ہوگا جس میں ن لیگ کل ہونے والے اجلاس کے لئے اپنی حکمت عملی مرتب کرے گئی۔
دوسری طرف پنجاب اسمبلی کے 28 اپریل 2022، ساڑھے 11بجے دوپہرہونے والے اجلاس کے ایس او پیز جاری کردئیے گئے جس کے مطابق اجلاس کے دوران اسمبلی میں مہمانوں کا داخلہ قطعی بند ہوگا۔ تمام اراکین اسمبلی اپنے موبائل فونز ایوان سے باہر اسمبلی سکیورٹی عملہ کے پاس جمع کروائیں گے۔ ایوان میں موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اسی طرح خواتین اراکین اسمبلی کو لیڈیز ہینڈ بیگز بھی ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی وہ اپنے ہینڈ بیگز بھی سکیورٹی عملہ کو جمع کروائیں گی۔