سری لنکا کا گولڈن ویزہ فروخت کرنے کا اعلان

سری لنکا کا گولڈن ویزہ فروخت کرنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک)معاشی طور پر بحران کا شکار سری لنکا نے غیر ملکی کرنسی کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے طویل مدتی گولڈن ویزہ فروخت کرنے کا اعلان کردیا۔ 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکن حکومت نے کہا کہ جو غیر ملکی کم از کم ایک لاکھ ڈالرز ملک میں جمع کرائیں گے انہیں گولڈن پیراڈائز ویزہ پروگرام کے تحت 10 سال کے لیے سری لنکا میں رہنے اور کام کرنے کے لیے ویزہ جاری کیا جائے گا۔ حکومتی بیان میں کہا گیا کہ رقم ایک مقامی بینک اکاوَنٹ میں رکھوائی جانی چاہیے جو قیام کی مدت تک بینک میں لاک رہے گی۔

 کولمبو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سری لنکا کے وزیر میڈیا نلاکا گوڈاہوا نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ملک آزادی کے بعد بدترین مالی بحران کا شکار ہے، یہ ویزہ پروگرام سری لنکا کی مدد کرے گا۔

  حکومت نے ایسے غیر ملکیوں کے لیے پانچ سال کا ویزا فراہم کرنے کی بھی منظوری دی ہے جو جزیرے پر کم از کم 75 ہزار ڈالر مالیت کا کوئی اپارٹمنٹ خریدیں گے۔

یاد رہے کہ سری لنکا کی معیشت کورونا وبا کے باعث سیاحت کی بندش اور ترسیلات سے آنے والی آمدنی بند ہونے کے بعد گرنا شروع ہوئی تھی۔

ایندھن کی درآمد کی قیمت ادا کرنے سے قاصر حکومت نے بجلی کا طویل بلیک آؤٹ نافذ کردیا ہے جبکہ ایندھن اور مٹی کا تیل خریدنے کے لیے سروس اسٹیشنز پر لوگوں کی قطاریں نظر آرہی ہیں۔