(جنید ریاض)سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر کے سکولز عید االفطر تک بند رکھنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور ڈاکٹر فیصل سلطان نے بریفنگ میں بتایا کہ وبا کی شدت کے باعث پندرہ جون تک کوئی امتحان نہیں لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے این سی او سی کی ہدایت پر صوبہ بھر کے سکولز عید االفطر تک بند رکھنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔سکولوں کی بندش کا فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاو کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق 29 اپریل 2021 سے پنجاب کے تمام سرکاری و نجی سکول مکمل طور پر بند کر دئیے جائیں گے۔ کورونا کے باعث سرکاری ونجی سکولز عید الفطر تک بند رہے گے۔
واضح رہے کہ کورونا کی لہر شدت اختیار کرگئی ، ملک بھر میں تمام امتحانات 15 جون تک ملتوی کردیئے گئے، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے پرچے جولائی یا اگست میں لیے جاسکتے ہیں، حتمی فیصلہ مئی کے تیسرے ہفتے میں حالات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا، این سی او سی اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور ڈاکٹر فیصل سلطان نے بریفنگ میں بتایا کہ وبا کی شدت کے باعث پندرہ جون تک کوئی امتحان نہیں لیا جائے گا۔مئی کے تیسرے ہفتے میں دوبارہ صورتحال کا جائزہ لیں گے،شفقت محمود نے کہا کہ اولیول کے امتحانات اکتوبراورنومبرمیں ہوں گے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ والدین کو وبا کی شدت کے دنوں میں امتحانات لینے پر تحفظات تھے اب ان کی بھی تسلی ہو جائے گی،سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے بھی کورونا کی شدت کے پیش نظر پنجاب بھر میں سرکاری ونجی سکولز عیدالفطر تک بند رکھنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔