( فخر امام ) فیروزپور روڈ کوٹ لکھپت گرڈ سٹیشن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، ریسکیونے 3 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا ۔
ریسکیو کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ شام کے قریب پیش آیا، آگ گرڈ سٹیشن کے سٹور میں لگی جہاں پرانا سکریپ اور بجلی کا سامان موجود تھا، بجلی کا سامان اور درخت آگ کی لپیٹ میں آنے کے باعث دھواں تمام علاقے میں پھیل گیا۔
آتشزدگی کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا مگر سکریپ اور سٹور میں موجود سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ آگ کے گرڈ سٹیشن کے بجلی کی تنصیبات والے حصےمیں نہ پہنچنے کی وجہ سے بجلی کے تعطل جیسے مسائل بھی پیش نہیں آئے۔
دوسری جانب چند روز قبل شاہدرہ گرڈ سٹیشن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سٹیشن میں موجود تمام مشینری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ تاہم فائربریگیڈ کا عملہ مسلسل آگ بجھانے کی کوشش میں ہے ۔ریسکیوذرائع کاکہناہے کہ جلد ہی آگ پر قابو پالیا جائے گا ۔
یاد رہے تھانہ موچی گیٹ کےعلاقہ میں واقع مکہ پلازہ میں قائم چمڑے کے گودام میں اچانک آگ بھرک اٹھی، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسری منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی سے 25 افراد متاثر ہوئے جن میں سے4 زندگی کی بازی ہارگئےتھے۔ یہ افسوسناک واقعہ ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ریسکیو کے مطابق آگ تین منزلہ عمارت کی پہلی منزل پر لگی، جس میں لیدر کے قالین اور دیگر سامان موجود تھا۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ پر قابو پانے کے بعد فوری طور پر تمام متاثرہ افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔