(علی اکبر) حکومت نے کورونا وباء کے تناظر میں نئی ترقیاتی،بزنس و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کاپلان تیار کرلیا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رائز پنجاب کے نام سے ابتدائی فریم و رک کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے رائز پنجاب کے فریم ورک کی دستاویز وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پیش کی، اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت پہلا صوبہ ہے جس نے کورونا وباء کے پیش نظر بدلتی صورتحال کے تناظر میں رائز پنجاب کا پلان مرتب کیا ہے۔
کورونا وباء کے باعث نئی ترجیحات کاتعین کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں،بزنس کے فروغ اورسرمایہ کاری بڑھانے کیلئے نئی سوچ کے ساتھ نئے اقدامات کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ رائز پنجاب کے تحت صحت،تعلیم اورسماجی تحفظ کیلئے بھی منفردلائحہ عمل مرتب کیا جارہا ہے۔
ہم نے نئی حکمت عملی پر کام کرتے ہوئے عوامی فلاح کے منصوبوں کو آگے بڑھانا ہے۔ سماجی تحفظ کیلئے بھی پوری توجہ اور انفرادیت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ سوشل پروٹیکشن فنڈ کے قیام کی تجویز کا جائزہ لے کرجلد رپورٹ پیش کی جائے انہوں نے مزید کہا کہ حالات کے مطابق ترجیحات بھی تبدیل ہوتی ہیں۔
بدلتی صورتحال میں رائز پنجاب کی ابتدائی دستاویز اچھی کاوش ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے رائز پنجاب کی دستاویز کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نجی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ عوامی فلاح کے منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت شروع کیاجائے۔
واضح رہے صدارت اجلاس میں صوبائی وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت،مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ،چیف سیکرٹری،چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب اورسیکرٹری پنجاب منصوبہ بندی و ترقیات نے شرکت کی۔