فہد علی: حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش کے سالانہ عرس پر سکیورٹی کے سخت انتظامات ، مجموعی طور پر 2500 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔سی پی او غلام محمود ڈوگر نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے 978 ویں عرس کے موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ چار ایس پیز ، سات ڈی ایس پیز، 49 انسپکٹر سمیت مجموعی طور پر 2500 سے زائد پولیس افسران و اہلکارو ں کی تعیناتی کی گئی ہے۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے داتا دربار سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ان کا کہنا تھا کہ زائرین کو واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر مشینوں سے چیک کیا جارہا ہے۔
داتا دربار پر سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لئے ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چوہدری اور ایس ایس پی آپریشنز وقار شعیب نے بھی وزٹ کیا۔ وقار شعیب کا کہنا زائرین کے لئے نو انٹری پوائنٹس بنائے گئے ہیں، ڈولفن اور پیرو فورس کی گاڑیاں بھی دربار کے اطراف میں گشت کررہی ہیں۔
حضرت علی ہجویری رحمتہ اللہ علیہ کےسالانہ عرس کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی ۔ پولیس کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مشکوک افراد بارے پولیس کو اطلاع دیں۔