یاور ذوالفقار: ہائیکورٹ میں مریم نواز کو ایف بی آر کی جانب سے بھجوائے گئے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کیخلاف درخواست پر سماعت، عدالت نے ایف بی آر کو مریم نواز کی اپیل پر 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس عائشہ اے ملک نے مریم نواز کی انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کیخلاف درخواست پر سماعت کی، درخواستگزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایف بی آر نے سال 2013ء کیلئے 12 لاکھ 57 ہزار روپے کا انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کا نوٹس بھجوا رکھا ہے اور ٹیکس نوٹس کیخلاف اپیل زیر التوا ہے۔
مگر حکم امتناعی ختم ہونے جا رہا ہے، ایف بی آر حکم امتناعی کی تاریخ ختم ہونے کے بعد ٹیکس ریکوری کی کارروائی شروع کر دے گا، وکیل نے استدعا کی کہ عدالت کمشنر اپیل کو انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کیخلاف اپیل پر جلد فیصلہ کرنے کا حکم دے اور اپیل کے حتمی فیصلے تک ایف بی آر کو ریکوری سے روکا جائے۔
عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد ایف بی آر کو مریم نواز کی اپیل پر 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔