(ملک اشرف) والدین بچوں کی فیسوں میں اضافے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں پھٹ پڑے، بولےپی ٹی آئی حکومت تبدیلی کے نام پر آئی، اگر یہ تبدیلی ہے تو نہیں چاہیے۔
ہائیکورٹ میں بچوں کی فیسوں میں اضافہ کیخلاف کیس میں والدین بھی عدالتی کارروائی دیکھنے آئے، کیس کی سماعت کے بعد والدین نے حکومت کی جانب سے فیسوں میں اضافہ نہ روکنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔
سٹی 42 سے گفتگو میں خاتون فائقہ سلیمان کاکہناتھاکہ سپریم کورٹ نے پرائیویٹ سکولوں میں فیسیں نہ بڑھانے کا واضح حکم جاری کیا، سکول، محکمہ تعلیم اور اد ارے فیصلے کی ایسی احمقانہ تشریح کر رہے ہیں کہ والدین سر پکڑ کر بیٹھ گئےہیں۔
خاتون فائقہ سلیمان کا مزید کہنا تھاکہ اگر عدالتوں سے ریلیف لینا ہے تو حکومت کیاکررہی ہے؟ والدین احتجاج کر رہے ہیں اور سڑکوں پر ہیں، پی ٹی آئی حکومت کیلئے سوچنے کا مقام ہے۔ پی ٹی آئی حکومت اپنے ووٹرز اور منشور کیساتھ کیا کر رہی ہے۔
والدین کا مزید کہنا تھاکہ حکومت سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق فیس مقرر کرانے میں ناکام ہوچکی، حکومت سے درخواست ہےکہ والدین کوعدالتوں اور سڑکوں پر دھکے کھانے پر مجبور نہ کرے، پی ٹی آئی حکومت تبدیلی کے نام پر آئی، اگر یہ تبدیلی ہے تو نہیں چاہیے۔
والدین نے مطالبہ کیاکہ حکومت سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق پرائیویٹ سکولوں میں فیس وصول کروانے کے موثر اقدامات کرے۔