(شاہد ندیم سپرا) لیسکو کے پراجیکٹ ڈائریکٹر رفعت محبوب کی سنیارٹی کیخلاف دوبارہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ، کمپنی میں لائن سپرنٹنڈنٹ سے ڈپٹی مینجر تک ترقی کی تحقیقات ہونگی۔
تفصیلات کے مطابق رفعت محبوب کو لیسکو میں بطور لائن سپرنٹنڈنٹ تعینات کیا گیا تھا تاہم انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد سابق دور حکومت کی سیاسی شخصیات اور اعلیٰ افسران کی پشت پناہی حاصل ہونے کی وجہ سے ڈپٹی مینجر کے عہدے پر ترقی دے دی گئی، جس کی تحقیقات گزشتہ سال شروع کی گئیں جو سیاسی شخصیات کی پشت پناہی کے باعث انکوائری فائلوں کی نذر ہو گئی۔
دوسری جانب لیسکو ریکارڈ سے رفعت محبوب کی سرکاری فائل غائب ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے جس کی وجہ سے تحقیقات میں مشکلات درپیش ہیں، لیسکو میں تعیناتی کے بعد رفعت محبوب نے سندھ کی یونیورسٹی سے انجینئرنگ کی اور خلاف ضابطہ گریڈ اٹھارہ میں ترقی لے لی، جس پر لیسکو نے دوبارہ تحقیقات کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے مذکورہ کمیٹی جی ایم ٹیکنیکل خالد سعید اختر کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ہے جبکہ مینجر کارپوریٹ اکاؤنٹ اور ڈپٹی مینجر ایچ آر کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔
واضح رہے کہ کمپنی نے ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں گزشتہ سال بھی کمیٹی بنائی تھی تاکہ رفعت محبوب کو انکوائری سے نکال کر سنیارٹی لسٹ کو کلیئر کیا جا سکے، جی ایم ٹیکنیکل خالد سعید اختر ماہ اکتوبر میں ریٹائر ہو رہے ہیں، اس لئے ریٹائرمنٹ سے قبل دوستی کی خاطر سنیارٹی کو کلیئر کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔