(شہزاد خان ابدالی) ڈالر اور پیٹرول سستا مگر شہر کی اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کا راج ،شہر کی اوپن مارکیٹ میں روزمرہ استعمال کی اشیا اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم نہ ہوسکیں ۔
ڈالر اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی نہ آسکی ۔ اوپن مارکیٹ میں سبزیوں،پھل اور دیگر اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ ٹماٹر 200 سے 250 اور پیاز 150 سے 180 روپے تک فروخت ہو رہے ہیں ۔
اسی طرح سستا آٹا اوپن مارکیٹ سے غائب ہے اور شہری پریشان ہیں ۔شہریوں کو مہنگے داموں والا آٹا مجبوراً خریدنا پڑ رہا ہے ،اسی طرح چائے کی پتی ،کھلے مصالحہ جات بھی خاصے مہنگے ہیں ۔چائے کی پتی 1300 روپے سے زائد قیمت پر فروخت ہورہی ہے مٹن 1700 اور بیف بھی سرکاری نرخوں 700 روپےپر دستیاب نہیں۔شہریوں نے کہا کہ حکومت سیاسی معرکوں کو سر کرنے کیساتھ ساتھ شہریوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنائے ۔