( راؤ دلشاد حسین ) محکمہ بلدیات پنجاب نے بزدار سرکار کی میرٹ پالیسی کی دھجیاں بکھیردیں، خلاف قواعد گریڈ 14 کے سب انجنیئر محمد سلمان نسیم کو گریڈ 17 کی اسسٹنٹ انجنیئرکی پوسٹ پر تعینات کردیا گیا، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی ہدایت پر سیکشن آفیسر ایڈمن سربلندخان نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بزدار سرکار کے دور میں میرٹ کی دھجیاں بکھیرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ بلدیات کی اضافی چارج کے نام پر میرٹ کے عکس من پسند تعیناتی کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ بلدیات کی انوکھی منطق گریڈ 14 کے سب انجنیئر کو لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ آفس ماڈل ٹاؤن میں گریڈ 17 کے اسسٹنٹ انجنیئر کی پوسٹ پر تعینات کردیا۔
گریڈ 14 کے سب انجنیئر محمد سلمان نسیم کو رولز اور قواعد کے برعکس تعینات کیا گیا۔ گریڈ 17 کے تین اسسٹنٹ انجنیئرز انٹرویوز دینے کے باوجود تعیناتی کےلیے منہ تکتے رہ گئے۔ محمد سلمان نسیم کی تعیناتی اضافی چارج فارمولے شو کرکے کی گئی۔
سروس رولز کے مطابق گریڈ 14 کے ملازم کو گریڈ 15 کا اضافی چارج دیا جاسکتاہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی ہدایت پر سیکشن آفیسر ایڈمن سربلند خان نے تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔