سٹی 42: پاکستان کرکٹ بورڈ اور سلیم ملک کے درمیان قانونی جنگ کا فیصلہ ہو گیا، سلیم ملک کی این او سی کی درخواست مسترد، پی سی بی کو ٹرانسکرپٹ کی تصدیق کروانے کی ہدایت۔
تفصیلات کے مطابق انڈیپنڈینڈنٹ ایڈجوڈیکٹر جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان نے سلیم ملک کی پی سی بی سے این او سی مانگنے کی استدعا مسترد کر دی۔ جسٹس ریٹائرڈ فضل چوہان نے درخواست نمٹاتے ہوئے پی سی بی کو آئی سی سی ٹرانسکرپٹ کی تصدیق کروانے کی ہدایت کی ہے۔ بغیر تصدیق کے اسے درخواست گزار کے خلاف استعمال نہیں کیا جاسکتا۔
درخواست گزار کو اپنا رویہ اچھا کرنا ہوگا۔ ان کی بیٹنگ کوچ کے لیے درخواست پر پی سی بی اپنا فیصلہ کرے گا۔ قبل ازیں سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم ملک کا اپنے اوپر لگائے گئے الزامات پر کہنا تھا کہ اگر کسی نے مجھے فکسر پکارا تو اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا۔
انھوں نے ان دنوں اپنے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ میں نے طویل عدالتی جنگ لڑنے کے بعد اپنا نام کلیئر کروایا، جن لوگوں نے ایسا نہیں کیا، جن کو عدالت سے کلین چٹ نہیں ملی، ان کے نام لیں، ان کو جو مرضی کہہ کر پکاریں لیکن اگر کسی نے مجھے فکسر کہا تو اس کے خلاف عدالت میں کیس دائر کروں گا۔