علی اکبر: وزیر اعظم عمران خان سے استعفے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی، قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی عنیزہ فاطمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کوتقریباً ڈیڑھ سال مکمل ہونےکو ہے لیکن عوام کیلئے یہ عرصہ ہر لحاظ سے بدترین ثابت ہوا ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے، ملک بھر میں بیروزگاری، بھوک اور مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملکی معیشت مکمل طور پر تباہ حالی کا شکار ہے، ڈالر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں، بجلی اور گیس کی قیمتیں امن وعامہ صحت، تعلیم کی حالت روز بروز زبوں حالی کا شکار ہے۔
سانحہ ساہیوال ہو یا چونیاں میں بچوں سے درندگی کے واقعات حکومت ہر لحاظ سے ناکام رہی ہے، قرار داد میں حکومت کی ناکامی پر وزیراعظم عمران خاں سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔