نواز شریف کو دل کا دورہ، آکسیجن لگ گئی

نواز شریف کو دل کا دورہ، آکسیجن لگ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو انجائنا کی تکلیف کے سبب کرائے گئے ٹراپ ٹی ٹیسٹ میں دل کا دورہ پڑنے کی تصدیق ہوگئی۔

 سروسز ہسپتال میں زیر علاج پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی  حالت انتہائی تشویشناک ہوگئی انہیں آکسیجن لگ گئی، نوازشریف کی والدہ بیگم شمیم سروسز ہسپتال پہنچ گئیں۔

 گزشتہ شب میاں نواز شریف کو دل کی تکلیف ہوئی تھی، جس پر  ان کا ٹراپ ٹی ٹیسٹ کیا گیا تھا جس سے نواز شریف کو دل کا دورہ پڑنے کی تصدیق ہوئی ہے،شعبہ کارڈیالوجسٹ کے ڈاکٹرز  بھی نواز شریف کے علاج پر مامور کردیئے گئے، کارڈیک مانیٹر اور پلس آکسی میٹر سے مانیٹرنگ شروع کردی گئی، میڈیکل بورڈ نے پلیٹ لیٹس میں اضافے کے ساتھ عارضہ قلب کیلئے خون پتلا کرنے والی ادویات دینی شروع کردی ہیں۔

نواز شریف کی انجیو گرافی نہ کرانے کافیصلہ

ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ  کی جانب سے نواز شریف کی انجیو گرافی  نہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا، ڈاکٹر ایاز محمود کا کہنا ہےکہ پلیٹ لیٹس کی کمی اور گردوں کے ٹیسٹ نارمل  نہ ہونے سےنواز شریف کی انجیو گرافی نہیں ہوسکتی، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 40 ہزار ہوگئی۔

نواز شریف سے ملاقاتوں پر پابندی

دوسری جانب سروسز ہسپتال انتظامیہ نے نواز شریف سے ملاقاتوں پر پابندی لگادی، اب صرف فیملی ممبران نوازشریف سے ملاقات کرسکیں گے، انتظامیہ کا کہنا ہےکہ نواز شریف سے ملاقات کیلئےآنے والے رجسٹر پر  اپنے تاثرات درج کریں گے، لوگوں کے تاثرات سے میاں نواز شریف کو آگاہ رکھا جائے گا۔

" نواز شریف کی بیماری کا مذاق اُڑایا جارہا ہے"

سینئر تجزیہ کار حامد میر نے سٹی 42 سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے علاج میں بہت تاخیر ہوچکی ہے، ہارٹ اٹیک کےبعدمریض کی حالت مزید خراب ہوجاتی ہے،  پچھلے ایک سے ڈیڑھ سال تک نوازشریف پاکستان میں ہیں، کیا پاکستان میں ایک بھی ایسا ڈاکٹرنہیں جو علاج کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ نواز  شریف کی بیماری کا مذاق اُڑایا جارہا ہے،بہت جلد حالات مذاق اُڑانے والوں کو مزہ چکھائیں گے، اب کچھ لوگ آصف زرداری اور نواز شریف سے این آر او مانگ رہےہیں۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف گزشتہ 5 روز سے سروسز  ہسپتال میں زیر علاج  ہیں،  پلیٹ لیٹس کی کمی کے باعث کل اُن کے جسم پر کل خون کے دھبے بن گئے تھے، میڈیکل بورڈ  کی جانب سے نواز شریف کو  7 روز  تک امیونو گلو بلین انجکشن لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔

Sughra Afzal

Content Writer