سٹی42: لاہور سموگ کےتدارک کیلئے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی دن رات کوششوں کے باوجود اب بھی آلودگی کی دوڑ میں عالمی نمبر ون ہے۔
لاہور کی فضا تاحال خطرناک حد تک مضر صحت پائی جا رہی ہے۔
اتوار کے روز لاہور میں مکمل لاک ڈاؤن کے سبب عام شہریوں کی بہت بڑی تعداد شام تک گھروں پر رہی تاہم بہت سے علاقوں میں ہفتہ وار چھٹی کے باوجود چھوٹے تاجروں اور ٹھیلے والوں نے اپنے معمول کے مطابق کاروبار کرنے کی خود غرضی کی۔ ان علاقوں مین عام شہریوں نے بھی حکومت کی ہدایت کا زیادہ خیال نہیں کیا اور اپنے معمول کے مطابق موٹر سائیکلیں لے کر گھروں سے باہر سنڈے شاپنگ کرنے کے لئے نکلے۔
بہت سے عوامل کی بنا پر اتوار کے روزبھی لاہور بدستور دنیا کے آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر رہا، مجموعی ائیرکوالٹی انڈیکس 288 ریکارڈ کیا گیا۔
موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری، کم سے کم 13 جبکہ زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ہوا میں نمی کا تناسب 59 فیصد نوٹ کیا گیا، خنکی سے سردی کی شدت بڑھتی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر کا موسم سرد اور آسمان پر بادل موجود رہیں گے۔