پی ٹی آئی کا آج بڑا پاور شو، ملک بھر سے قافلے راولپنڈی پہنچنا شروع

PTI power show Rawalpindi
کیپشن: PTI power show Rawalpindi
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف آج راولپنڈی میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی،جلسے  میں شرکت کیلئے ملک بھر سے کارکنان قافلوں کی صورت پہنچنا شروع ہوگئے ۔

انتظامیہ کی ہدایت پر پی ٹی آئی نے جلسہ گاہ کا مقام تبدیل کردیا، جس کے بعد اب سکستھ روڈ فلائی اوور پر اسٹیج بنایا گیا جبکہ پنڈال چاندنی چوک تک لگایا گیا, ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو 26 نکات پر جلسے کی اجازت دے دی ہے جس کے مطابق پی ٹی آئی کو رات بارہ بجے سے پہلے جلسہ گاہ کو خالی کرنا ہوگا. 

جہاں ایک طرف پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں وہیں ابھی تک عمران خان کے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کا معاملہ حل نہ ہوسکا، جی ایچ کیو کی جانب سے پریڈ گراؤنڈ میں ہیلی کاپٹر اتارنے کی اجازت کے بعد انتظامیہ نے اس سے انکار کردیا، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان دوپہر دو بجے زمان پارک سے راولپنڈی کیلئے روانہ ہوں گے۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی قیادت کو تھریٹ الرٹ کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے، جس کے تحت پنڈال اور جلسہ گاہ کے اطراف میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے، جلسے کی حفاظت کے لیے 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ بلند مقامات پر اسنائپرز بھی موجود ہوں گے۔

پی ٹی آئی قائدین نے واضح کیا ہے کہ عمران خان اور پنڈی مارچ کی سکیورٹی کی ذمہ داری حکومت کی ہے اگر کچھ ہوا تو اس حکومت اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو ذمہ دار سمجھا جائے گا، تھریٹ الرٹ کے پیش نظر پی ٹی آئی نے بھی سیکیورٹی پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت کارکنان کو مرکزی کنٹرینر سے بیس فٹ دور رکھا جائے گا۔

اُدھر راولپنڈی کے چاروں بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کرتے ہوئے تمام آپریشنز ملتوی اور ڈاکٹرز کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔ 

بعد ازاں کمشنر راولپنڈی نےبھی وفاقی حکومت کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹس کا حوالہ دیتے ہوئے ڈی سی راولپنڈی و سی پی او راولپنڈی کو مراسلہ ارسال کیا جس میں دونوں افسران کو پی ٹی آئی کی مقامی و مرکزی قیادت کو صورتحال سے آگاہ کرکے فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کی ہدایات بھی کی گئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا یے کہ حساس ادارے کی جانب سے خصوصی رپورٹ موصول ہوئی ہے، پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز اور پی ٹی آئی دھرنے کا انعقاد ہونے جارہا ہے، جس کے حوالے سے سکیورٹی تھریٹ موجود ہیں، میٹنگز میں بھی سب معاملات پر بات کی گئی تھی، لہذا تھریٹس الرٹ کو مدنظر رکھ کر سخت سیکورٹی انتظامات کیے جائیں۔

اُدھر اسلام آباد انتظامیہ نے دفعہ 144 میں دو ماہ کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے تحت عوامی مقامات پر اسلحے کی نمائش پر پابندی ہوگی۔