شاہد ندیم : سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن میں گیس چوری کیخلاف آپریشن کے دوران لیبر کے ٹھیکوں میں جعلسازی سامنے آ گئی، افسران اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے ریکارڈ ٹمپر کر کے چھ کروڑ روپے کی اضافی ادائیگیاں سامنے آ گئیں۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی میں گیس چوری کے خلاف ہونیوالی کارروائیوں کے دوران لیبر کی مد میں کروڑوں روپے کے غبن کا سکینڈل سامنے آیا ہے، لیبر کے ٹھیکوں میں گیس چوری کیخلاف ہونیوالی کارروائیوں کی مد میں کمپنی کو کروڑوں روپے کا ٹیکہ لگا دیا گیاہے،ذرائع نے بتایا کہ کاروائیوں کے دوران کھدائی کے ٹھیکوں کا ریکارڈ ٹیمپر کیا گیا اور ریکارڈ ٹیمپر کر کے ٹھیکوں کی مد میں چھ کروڑ روپے کی اضافی ادائیگیاں کی گئیں۔
اعلیٰ افسران اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے کمپنی کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا، دوسری جانب مافیا نے جعلسازی چھپانے کے لئے اصلی ریکارڈ کو بھی غائب کر دیاہے، سوئی ناردرن حکام نے جعلسازی سے کروڑوں روپے کی ادائیگیوں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، ابتدائی طور پر تحقیقات کھ دوران چھ کروڑ روپے کا غبن سامنے آیا ہے۔